زرعی مسائل سے نمٹنے کے لئے شجرکاری اہم ہے: عمران خان

  • اتوار 09 / اگست / 2020
  • 5470

وزیر اعظم عمران خان نے ملک گیر شجر کاری مہم 2020 کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں ایک ملین ٹن کی کمی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں منعقد تقریب سے خطاب میں کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گندم کی پیداوار سے متعلق بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اپوزیشن کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیوں گندم کی کٹائی کے فوراً بعد بھی گندم کا بحران پیدا ہؤا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے ایک دن میں 35 لاکھ درخت لگائے یہ پاکستان میں ریکارڈ ہے جبکہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو ہرا کرنے کی پوری کوشش کریں اور جہاں کوئی خالی جگہ دیکھیں وہاں درخت لگائیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے لیے انتظامیہ اور ٹائیگر فورسز کے رضاکاروں کا غیرمعمولی کردار ہے جو لائق تحسین ہے'۔  انہوں نے این سی او سی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی وبا ختم نہیں ہوئی اس لیے جب بھی گھر سے باہر نکلیں تو چہرے پر ماسک ضرور پہن لیں۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اللہ نے بہت کرم کیا ہے اس لیے جو لوگ بغیر ماسک پہننے گھر سے نکل رہے ہیں، وہ اللہ کے فضل کی ناشکری کررہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ محرم میں احتیاط کی بہت ضرورت ہے۔ کہیں بے احتیاطی کرکے ہم مزید مشکل میں نہ پڑ جائیں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے۔  اب ملکی معیشت کے متعدد شعبہ جات کھولنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔ آج ملک میں مزید 588 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 21 مریض وبا کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

اس وقت ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 84 ہزار 424 جبکہ اموات 6 ہزار 92 ہوگئیں ہیں جبکہ صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 248 ہوگئی ہے۔