دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کرگئی
- منگل 11 / اگست / 2020
- 5350
کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 2 لاکھ 80 ہزار 615 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس وائرس سے ہلاکتیں 7 لاکھ 39 ہزار 765 ہو گئی ہیں۔
امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں کورونا مریض اور ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 66 ہزار 201 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 52 لاکھ 51 ہزار 997 ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں وائرس کی وجہ سے 1 لاکھ 1 ہزار 857 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 30 لاکھ 57 ہزار 470 تک جا پہنچی ہے۔ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت مین کورونا سے 45 ہزار 383 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 لاکھ 71 ہزار ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 3 ہزار 199 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 947 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں مسلسل نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی ہو رہی ہے۔ اس سے شفایاب ہونے والے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 12 ویں سے 14 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 191 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وبا سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 112 ہوچکی ہے۔