بے احتیاط سے کورونا دوبارہ پھیل سکتا ہے: اسد عمر
- منگل 11 / اگست / 2020
- 4740
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس ملک میں ابھی ختم نہیں ہوا لہٰذا یہ نہ سمجھیں کہ پاکستان کووڈ 19 سے مکمل طور پر محفوظ ہے۔ بےاحتیاطی کی صورت میں یہ دوبارہ پھیل سکتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جس دن سے ہم نے لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان کیا ہے تو لوگوں سے یہ سن رہا ہوں کہ کورونا ختم ہو گیا۔ کاش کورونا ختم ہو چکا ہوتا لیکن بدقسمتی سے ابھی ایسی صورتحال نہیں ہے۔ ابھی ہم یہ بالکل بھی نہیں کہہ سکتے کہ کورونا ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا پر قابو پانے کے لئے ماہ اپریل میں ایک جامع منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ہم ان لوگوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے جن کے وائرس سے ہلاک ہونے کا زیادہ خطرہ تھا اور کانٹیکٹ ٹریسنگ کی بنیاد پر ہم 11 لاکھ کانٹیکٹس کا پتا لگانے میں کامیاب رہے۔ ان میں سے 10 لاکھ سے زائد کے ٹیسٹ کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اگلا ہدف مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے جس میں ہم بڑے علاقے بند کرنے کے بجائے ٹارگیٹڈ ایریاز میں قریب قریب گھروں، سہ منزلہ عمارتوں یا محلے کو بند کر کے لاک ڈاؤن کریں گے۔ اور ہوم آئسولیشن پر کام کیا جائے گا۔ حکومت کی اس کامیابی کی وجہ عوام کا تعاون تھا۔ میں میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے عوام تک پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر انہوں نے سیاحتی مقامات پر عوام کے رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کورونا مشکل سے پھیلنا کم ہوا ہے۔ بداحتیاطی کی صورت میں دوبارہ بڑھ سکتا ہے۔ احتیاط اس لیے ضروری ہے کہ یہ صرف صحت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس سے معیشت بھی متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ احتیاط کریں، ماسک پہنیں، دوسروں سے فاصلہ رکھیں اور اگر کسی مذہبی تقریب میں بھی جا رہے ہیں تو احتیاط کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔