پشاور میں 61 سالہ احمدی شہری معراج احمد کا قتل
- جمعرات 13 / اگست / 2020
- 6080
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بدھ کی شب احمدیہ جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک 61 سالہ شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس تھانہ ڈبگری نے اس قتل کا مقدمہ ہلاک ہونے والے شخص معراج احمد کے بیٹے کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ جماعت احمدیہ پاکستان کے ترجمان سلیم الدین نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ مذہبی منافرت کا نتیجہ ہے۔
ان کے مطابق ’معراج احمد گزشتہ کچھ عرصے سے مشکلات کا شکار تھے۔ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم چلائی جا رہی تھی جبکہ ان کی دکان میں کام کرنے والے ملازمین نے بھی حال ہی میں ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا تھا‘۔
معراج احمد کے بیٹے کے مطابق وہ ڈبگری گارڈن میں واقع اپنا میڈیکل سٹور بند کرکے گھر واپس جا رہے تھے جب انہیں اطلاع ملی کہ ان کے والد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔