کراچی کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے، شہر کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

  • جمعرات 13 / اگست / 2020
  • 5350

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر قانون فروغ نسیم نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صوبہ سندھ میں بارشوں کے بعد کی صورتحال خاص طور پر کراچی کے معاملات زیر غور آئے۔ دوران ملاقات وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ کراچی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ سندھ میں بارشوں کی بات کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔ جہاں وزیراعظم نے این ڈی ای ایم اے، ایف ڈبلیو او کی تعریف کی جنہوں نے مختصر وقت میں بہترین کام کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم کو کے الیکٹرک کے مسائل پر بھی بریفنگ دی جبکہ عمران خان نے کراچی کی صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب رواں ہفتے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کراچی میں ابتر صورتحال، لوڈشیڈنگ کے مسائل، نالوں کی صفائی پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل  خالد جاوید خان نے عدالت میں کہا تھا کہ انہوں نے کراچی کے مختلف شہری اور دیگر مسائل پر وزیراعظم عمران خان سے بات کی ہے اور وفاقی حکومت کا صوبائی حکومت کے معاملات میں مداخلت کا کوئی ادارہ نہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کی خراب صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام دستیاب قانونی اور آئینی آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

کراچی میٹرو پولیٹن شہر ہے، کوئی بھی ملک اپنے میٹروپولیٹن شہر کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ کراچی کے معاملے پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔ اس حوالے سے کوئی حتمی بات نہیں کر سکتا لیکن جلد فیصلہ ہوگا۔ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت مختلف مسائل کا سامنا کر رہا ہے اور حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں نالوں اور علاقوں کی صفائی نہ ہونے کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے۔

کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال بھی بدتر ہوگئی ہے اور شہر میں کئی علاقوں میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس پر آج کی سماعت میں بھی سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔ کراچی میں بارش کے بعد تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو ہدایت کی تھی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں اور شہر کی صفائی شروع کریں۔

جس پر کراچی میں این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او نے 3 بڑے نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی کراچی کی صفائی اور کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو سونپ دیا تھا۔