کرونا وائرس: بھارت میں اموات 50 ہزار ہوگئیں
- اتوار 16 / اگست / 2020
- 4250
بھارت میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 49 ہزار 980 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ عالمی وبا سے بھارت میں 25 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 18 لاکھ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 63 ہزار 489 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 944 افراد وبا سے ہلاک ہوئے۔
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ برازیل میں اب تک وبا سے 33 لاکھ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کی تشخیص ہو چکی ہے۔ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 41 ہزار 576 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ برازیل، امریکہ کے بعد دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے متاثرہ ملک ہے۔
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 56 ہزار 729 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق وبا سے 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 229 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ دنیا بھر میں امریکہ عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جہاں 52 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہو چکی ہے۔ حکام نے اب تک وبا سے ایک لاکھ 67 ہزار 546 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دو لاکھ 85 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 670 کیسز سامنے آئے۔ جب کہ مریضوں کی تشخیص کے لیے 24 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے۔ پاکستان میں اب تک 22 لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف 6 افراد وبا کے باعث ہلاک ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک وبا سے 6168 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں وائرس سے متاثر ہونے والے 90 فی صد یعنی دو لاکھ 66 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق اب صرف 769 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔ جن کا علاج جاری ہے۔