جو بائیڈن ڈیموکریٹس کے باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد ہوگئے

  • بدھ 19 / اگست / 2020
  • 6800

امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق نائب صدر جو بائیڈن کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

جو بائیڈن تین نومبر کو ہونے والے انتخاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کریں گے جو ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر صدارت کے امیدوار ہیں۔  صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات اور کاکسز میں کئی فیصلہ کن ریاستوں میں فتح کے بعد جو بائیڈن کئی ماہ قبل ہی پارٹی کے متوقع امیدوار کے طور پر سامنے آگئے تھے۔

جو بائیڈن کے مقابلے پر رہ جانے والے آخری امیدوار اور ورمونٹ سے منتخب سینیٹر برنی سینڈرز کی جانب سے رواں سال اپریل میں اپنی انتخابی مہم ختم کرنے اور جو بائیڈن کی حمایت کے اعلان کے بعد صدارتی انتخاب کے لیے بطور ڈیموکریٹ امیدوار ان کی نامزدگی یقینی ہو گئی تھی۔

منگل کو ڈیموکریٹک کنونشن کے دوران مختلف ریاستوں اور امریکہ کے زیرِ انتظام علاقوں سے منتخب ہونے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے مندوبین نے باری باری بائیڈن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اُنہیں باضابطہ طور پر پارٹی کا امیدوار منتخب کیا۔

جو بائیڈن نے اپنی نامزدگی پر مندوبین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وہ جمعرات کو کنونشن کے آخری روز خطاب کریں گے جس میں وہ پارٹی کی جانب سے اپنی نامزدگی قبول کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ڈیموکریٹس کا یہ چار روزہ کنونشن کورونا  وبا کے باعث مکمل طور پر آن لائن منتقل کیا گیا ہے۔