پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا: عمران خان

  • بدھ 19 / اگست / 2020
  • 4950

وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو اس وقت تک تسلیم نہیں کرے گا جب تک وہ فلسطینیوں کو آزاد نہیں کرتا اور ان کا اپنا وطن فراہم نہیں ہوجاتا۔

دنیا ٹی وی پر ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نے ان افواہوں کو بھی مسترد کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب لکے تعلقات میں دراڑ پڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ہمیشہ کی طرح برادرانہ ہیں۔ لیکن ان کی اپنی خارجہ پالیسی ہے اور ہم اپنی پالیسی پر چلتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ دو سال سے ان کی حکومت گرانے کی کوشش کررہی ہے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ میں کسی بھی قیمت پر اپوزیشن لیڈروں کو این آر او نہیں دوں گا۔۔ ہر کسی کا احتساب ہوگا اور قانون کے مطابق انہین سزا بھگتنی پڑے گی۔ تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف شراب لائسنس جاری  کرنے کے معاملہ پر نیب کی طرف سے طلبی کو انہوں نے غلط قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ عثمان بزدار نے کوئی جرم نہیں کیا۔ میں نے ایجنسیوں سے اس معاملہ کی تحقیق کروا لی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں ہوتا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک پر مافیاز کا قبضہ ہے۔ ماضی میں کسی نے انہیں چیلنج نہیں کیا۔  البتہ میرا مقصد ملک سے مافیاز کا خاتمہ ہے۔  میں ہر صورت ایسے عناصر کا خاتمہ کرکے رہوں گا۔