کورونا کی وبا کے خاتمے میں دو برس لگ سکتے ہیں: عالمی ادارہ صحت

  • ہفتہ 22 / اگست / 2020
  • 6610

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے  کہ کورونا وائرس کی وبا دو برس سے کم مدت میں ختم ہو جائے گی۔ جمعے کو جنیوا میں خطاب کرتے ہوئے ٹیدروس ادھانوم غیبریسس کا کہنا تھا کہ 1918 میں ہسپانوی فلو کی وبا پر قابو پانے میں دو برس لگے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں ترقی اس وائرس کو ’کم وقت میں روکنے‘ میں مدد دے سکتی ہے۔ زیادہ میل ملاپ سے اس وائرس کے پھیلنے کا زیادہ امکان ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس اس کو روکنے کی ٹیکنالوجی اور علم موجود ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ’عالمی اتحاد‘ کی اہمیت پر زور دیا۔

1918 میں پھیلنے والے جان لیوا ہسپانوی فلو سے پانچ کروڑ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک تقریباً آٹھ لاکھ افراد ہلاک اور دو کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر ٹیدروس نے وبا کے دوران ذاتی حفاظتی سامان کے حوالے سے کی جانے والی کرپشن کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اسے ’مجرمانہ فعل‘ قرار دیا۔  ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک ذاتی حفاظتی کٹس یا سامان کے حوالے سے کرپشن کرنا درحقیقت ایک قتل ہے۔ کیونکہ اگر صحت کا عملہ بنا ذاتی حفاظتی کٹس کے کام کرے گا تو ہم ان کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ساتھ ہی ان افراد کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں جن کا یہ علاج کرتے ہیں۔

اگرچہ جنوبی افریقہ میں بدعنوانی کے الزامات سے متعلق سوال ہیں مگر بہت سے ممالک میں اسی نوعیت کے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ جمعہ کو کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں وبائی بیماری کے دوران مبینہ کرپشن کےخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ شہر کے متعدد سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں نے بلا معاوضہ اجرت اور حفاظتی سامان کی کمی کی وجہ سے ہڑتال کی۔

اسی دن عالمی ادارہ صحت کے ہنگامی پروگراموں کے سربراہ نے متنبہ کیا کہ میکسیکو میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کا ’واضح طور پر کم اندازہ لگایا گیا‘ ہے۔