شام میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے ملک بھر میں بجلی بند
- سوموار 24 / اگست / 2020
- 6450
شام کے دارالحکومت دمشق میں اتوار کی شب مشتبہ دھماکے سے مرکزی گیس پائپ لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی اور ہر سو اندھیرا چھا گیا۔
شام کے سرکاری خبر رساں ادارے 'ایس اے این اے' کے مطابق وزیرِ توانائی محمد زہير خربوطلی کا کہنا ہے کہ دمشق میں مرکزی گیس پائپ لائن کے پھٹنے کے باعث ملک بھر میں بجلی بند ہے۔ وزارتِ معدنیات کا کہنا ہے کہ عدرا اور الضمیر کے درمیان گیس پائپ لائن کا دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی کا شاخسانہ ہے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
وزیرِ توانائی نے کہا ہے کہ بعض پاور اسٹیشنز آپس میں منسلک ہیں جو بجلی کی ترسیل کا اہم ذریعہ ہیں۔ اُن کے بقول دھماکے کے باعث بجلی کے کارخانوں کو گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔ وزیرِ توانائی کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کے سلسلے میں محکمے کام کر رہے ہیں اور جلد بجلی کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔
شام میں توانائی کی تنصیب پر اتوار کی شب ہونے والا حملہ حالیہ برسوں کے دوران سب سے بڑا دھماکہ ہے۔ اس سے قبل شامی حکومت نے جنوری میں کہا تھا کہ بحیرۂ روم سے آنے والی پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے تاہم اس کے باعث بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر نہیں ہوا تھا۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا ملک شام 2011 کے بعد سے خانہ جنگی کا شکار ہے جہاں تین لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں نقل مکانی کر چکے ہیں۔