چینی تاجر پاکستان میں علاقائی دفاتر قائم کریں: وزیر اعظم
- منگل 25 / اگست / 2020
- 7070
پاکستان اور چین کے مابین تمام شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے چینی تاجروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے علاقائی دفاتر پاکستان میں قائم کریں۔
صنعت، مالیات، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، زراعت، مواصلات اور توانائی کے کاروبار سے منسلک 10 بڑی چینی کمپنیوں کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ’چینی کاروباری مراکز کو اپنے علاقائی دفاتر پاکستان میں قائم کرنے چاہیئں‘۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کے نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کو اہمیت دیتا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات کو دہرایا کہ چین اور پاکستان کے مشترکہ اہداف و مقاصد ہیں اور ’دونوں ممالک کے عوام کے کاروباری تعلقات کا استحکام ہماری اولین ترجیح ہے‘۔ وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو اولین ترجیح دے گی۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅجنگ اور ہائیر کمپنی کے سی ای او جاوید آفریدی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر صنعت محمد حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چینی وفد نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری کمیونٹی کو سہولتوں کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں بالخصوص تجارتی آسانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔