کورونا وائرس: بھارت میں مسلسل تیسرے روز 75 ہزار سے زائد کیس

  • ہفتہ 29 / اگست / 2020
  • 5240

بھارت میں مسلسل تیسرے روز بھی کورونا وائرس کے 75 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ پاکستان میں کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں ہفتے کو صرف 319 کیس رپورٹ جب کہ ایک ہلاکت ہوئی۔

بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 75 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ بھارت کی وزارتِ صحت کی طرف سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعے کو کورونا سے ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔ بھارت میں اس وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 62 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

بھارت میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد میں سے 26 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ سات لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض اس وقت زیر علاج ہیں۔

برازیل میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 855 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

دنیا بھر میں اس مہلک وبا سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل میں جمعے کو کورونا وائرس کے 43 ہزار 412 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ برازیل میں کرونا وائرس سے اب تک 38 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

جنوبی کوریا میں  بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ جمعے کی رات تک ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 308 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔ وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ملک کے کئی اسپتالوں میں گنجائش کم پڑنے لگی ہے۔ بعض اسپتالوں میں تشویش ناک مریضوں کے لیے بیڈز دستیاب نہیں ہیں۔ نئے کیسز کے بعد جنوبی کوریا میں مجموعی کیسز 19400 ہو گئے ہیں جب کہ وائرس کے باعث اب تک 321 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چین کے شہر ووہان میں حکام نے منگل سے تمام کنڈر گارٹن اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں قائم 2800 سے زائد اسکول منگل سے کھول دیے جائیں گے جن میں 14 لاکھ سے زائد بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ ووہان یونیورسٹی بھی پیر سے کھول دی گئی تھی۔ حکام نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور اسکول آنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال نہ کریں۔

اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کرے جب کہ بچوں کو بھی اس سے آگاہ کیا جائے۔ چین کے شہر میں ووہان جنوری کے آغاز میں شروع ہونے والی کورونا وبا کی وجہ سے 3869 افراد ہلاک ہو گئے تھے جو چین میں وائرس کی وجہ سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کا 80 فی صد ہیں۔