کورونا وائرس: بھارت میں یومیہ کیسز امریکہ سے بھی زیادہ

  • اتوار 30 / اگست / 2020
  • 4630

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد بھارت عالمی وبا کے ایک دن میں رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد میں امریکہ سے بھی آگے نکل گیا ہے۔

بھارت میں ہفتے کے روز 78 ہزار 761 نئے کیسز سامنے آئے۔ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ وبا کے باعث بھارت میں اب تک 63 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف 4 اموات ہوئی ہیں۔ ملک بھر میں وائرس ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہونے کی رفتار مسلسل کمی آتی جا رہی ہے۔ پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 21 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے تاہم اس دوران صرف 264 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

 بھارت میں کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا بہت سے افراد نے اپنی قسمت کا حال جاننے اور مستقبل سے آگاہی کے لیے نجومیوں کے پاس جانا شروع کر دیا ہے۔  ماہر فلکیات ہوں یا روحانی علاج کرنے والے، صوفی ہوں یا پھر قسمت کا حال بتانے والے ماہر نجوم یا جوتشی، سب کے پاس لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔  ستاروں کے ذریعے قسمت کا حال بتانے والے ایک نجومی  کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے مستقبل سے ڈرے ہوئے ہیں، اس لیے وہ اپنی قسمت کا حال جاننے کے لیے ان کے پاس آتے ہیں۔

برطانیہ میں کالجز اور یونیورسٹیوں کی نمائندہ تنظیم 'یو سی جی' نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر کالجز اور یونیورسٹیاں اگلے ماہ سے نہ کھولی جائیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کالجز اور یونیورسٹیاں کھلنے کی وجہ سے دوسرے ممالک سے طلبہ برطانیہ آئیں گے۔ جس کے سبب کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف جامعات کا کہنا ہے کہ وہ تعلیمی سلسلہ  شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

برطانیہ کے شہر لندن میں ہفتے کے روز مظاہرین نے ٹریفالگر اسکوائر پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کورونا وائرس کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد پابندیاں ختم کرے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کرونا وائرس کو ‘فیک نیوز’ قرار دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں وبا سے 41 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جرمنی میں پابندیوں کے خلاف احتجاج میں ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے پر متعدد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جرمنی میں پابندیوں کے خلاف مظاہروں کے دوران پولیس نے فیس ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے کے جرم میں 300 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔