سویڈن میں قرآن پاک کا نسخہ نذر آتش کرنے پر کشیدگی
- اتوار 30 / اگست / 2020
- 6400
سویڈن میں مسلمان مخالف ڈینش سیاست دان کو مسلمانوں کے خلاف ایک ریلی میں شرکت سے روکنے پر مالمو میں اس کے حامیوں نے قرآن پاک نذر آتش کرنے کی ایک ویڈیو جاری کی۔ اس کے بعد مسلمان نوجوانوں نے احتجاج کیا اور پولیس پر حملے کئے۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس اور مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز جنوبی سویڈن کے شہر مالمو کی سڑکوں پر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ٹائر جلائے۔ مسلمانوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ اس وقت شروع ہؤا جب مسلمان گروہ کی طرف سے قرآن جلانے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق اس دن اسلام مخالف مظاہرین جمع ہوئے اور انہوں نے قرآن پاک کا نسخہ نذر آتش کیا تھا۔ جس کے بعد ہنگامے شروع ہوئے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کو 10 سے 20 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد میں رہا کردیا گیا۔ واقعے میں متعدد پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
ڈنمارک میں انتہائی دائیں بازو کی اینٹی امیگریشن پارٹی 'ہارڈ لائن' کے راسمس پلوڈن جمعے کو ہونے والی ریلی میں تقریر کرنے کے لیے مالمو کا سفر کررہا تھا جسے ملک میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ راسمس پلوڈن کی گرفتاری کے موقع پر حکام نے اعلان کیا تھا کہ ان کے دو سال کے لیے سویڈن میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔
پلوڈن کو ڈی پورٹ کرنے کے باوجود مالمو مین اس کے اسلام دشمن حامیوں نے مظاہرہ کیا جس میں قرآن نذر آتش کیا گیا۔ اس کی ویڈیو بعد میں جاری کی گئی جو اشتعال کا سبب بنی۔
مالمو پولیس نے کئی روز کے غور و خوض کے بعد تارکین وطن دشمن ڈینش راسمس پلوڈن کو سویڈن میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ شہر میں امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔