سعودی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، پاکستان نے یمن کے حوثی قبائل کی مذمت کردی
- بدھ 02 / ستمبر / 2020
- 4220
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ ریاض، اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ سعودی سفہر نے وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہ ملاقات کے حوالے سے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان بہترین تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
سعودی سفیر نے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے پاک سعودی تعاون کی دیادہانی کرائی۔ نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات ایک خاص تناظر میں دیکھی جاری ہے۔ گزشتہ ماہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے سعودی عرب کی زیرقیادت اسلامی تعاون تنظیم پر مسلم ممالک کے 57 رکنی بلاک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا اجلاس نہ بلانے پر تنقید کے بعد سعودی سفیر سے شاہ محمود قریشی کی پہلی ملاقات ہے۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے ریاض کے دورے کو دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات استوار کرنے کے تناظر میں دیکھا جا رہا تھا۔ بعدازاں آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ یہ دورہ فوجی تعاون پر بات چیت کے لیے کیا گیا تھا۔ آرمی چیف کے دورے کے بعد اسلام آباد کے لہجے میں او آئی سی کے حوالے سے واضح تبدیلی نظر آئی تھی۔
سعودی سفیر کے ساتھ ملاقات سے متعلق دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اورامت مسلمہ میں روایتی قائدانہ کردار کو اجاگر کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا اہم دو طرفہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم دفتر خارجہ کی پریس ریلیز میں مسئلہ کشمیر کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یمن کے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی۔ پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان ان کا راستہ روکا جائے۔