اس وقت پاکستان میں کوئی میگا کرپشن اسکینڈل نہیں ہے: وزیراعظم
- جمعرات 03 / ستمبر / 2020
- 4440
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کسی بھی سوسائٹی کے لیے تباہی کا باعث ہوتی ہے اور آج پاکستان میں کوئی میگا کرپشن اسکینڈل نہیں ہےکیونکہ اعلیٰ سطح پر اسے کنٹرول کرلیا گیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے حکومت کی دوسالہ کارکردگی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کرپشن تاحال نچلی سطح پر موجود ہے جس کے تدارک لیے مزید جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن پر ناکامی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں برسر اقتدار لوگوں نے کرپشن کی اور ان کا کبھی بھی احتساب نہیں ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ طاقتور اور اشرافیہ طبقہ احتساب کے دائرے میں آئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان جن معاشی اور اقتصادی حالات کا شکار ہے ان میں کوئی بھی ملک محض چٹکی بجا کر تبدیلی نہیں ہو سکتا۔ معیشت کی بحالی ایک رات میں ممکن نہیں ہے اس میں وقت لگتا ہے۔ کیونکہ پہلے مائیڈ سیٹ تبدیلی ہوگا۔ اس کے بعد حکومت کے کام کےلئے تبدیلی رونما ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہملک کو مالی خسارے کاسامنا ہے، توانائی کا شعبہ بحران سے دوچارہے تاہم معشیت کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ میرا خیال ہے کہ ملک صحیح سمت پر گامزن ہے۔
ملک میں متوسط اور نیم متوسط طبقے نے تحریک انصاف کو تبدیلی کا ضامن سمجھا لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ جی ڈی پی تنزلی کا شکار ہے اور مہنگائی کا تناسب بڑھ رہے ہے؟ اس سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب ملک کو صحیح سمت پر گامزن کرنے کی نیت ہو تو جدوجہد کرنی پڑتی ہے، میں نہیں چاہتا کہ میرا ملک اپنی بقا کے لیے ہمیشہ قرض لے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ انتظامی ڈھانچے کی تبدیلی اور محصولات میں اضافے کے لیے اصلاحات کی ضرورت پڑتی ہے۔ ہم اخراجات میں نمایاں کمی لائے ہیں۔