پاکستان میں یومِ دفاع منایا گیا، صدر مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات

  • اتوار 06 / ستمبر / 2020
  • 8110

ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس روز کی تقریبات میں وطن عزیز کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے خصوصٰ پیغامات میں قومی دفاع کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

آج سے 55 سال قبل 6 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج نے بین الاقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا  تھا۔ لیکن قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کے اس گھناؤنے عزائم کو ناکام بنا دیا۔

یومِ دفاعِ پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں واقع یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلام پیش کیا۔

اس سے قبل یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے کراچی میں بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ پاک فضائیہ اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔

مہمانِ خصوصی ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے مزارِ قائد پر پھول رکھے۔ انہوں نے مزارِ قائدِ اعظم پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔ اس موقع پر ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 6 ستمبر دفاعِ پاکستان پر تبدیلی گاڈز پر پی اے ایف اکیڈمی کا سر فخر سے اونچا ہو گیا ہے۔

لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل عامر مجید تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم ملک کی خود مختاری و سلامتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریں گے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں قوم کی مستحکم اور واضح پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی مس ایڈوینچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہم نے دفاعی شعبے میں خودانحصاری حاصل کرلی ہے۔ ہم نے بیرونی جارحیت کو ناکام بنایا ہے۔ ہم نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو کامیابی سے شکست دی ہے اور اب ہم اقتصادی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرأت، عزم، ایثار و قربانی کے لیے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 55 سال قبل اس دن ہماری پاک فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیور پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔