بھارت کورونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا

  • سوموار 07 / ستمبر / 2020
  • 7010

بھارت کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں برازیل کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ بھارت میں پیر کو کورونا کیسز کی کل تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ تعداد دنیا میں امریکہ کے بعد کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں اب تک 60 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ ملکوں کی عالمی فہرست میں برازیل کا دوسرا نمبر تھا تاہم اب بھارت میں برازیل کے مقابلے میں 70 ہزار کیسز زیادہ ہیں۔  بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق پیر کو مزید 90 ہزار 802 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کیسز کی کل تعداد 42 لاکھ چار ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

بھارت میں اموات کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔ تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روزانہ ایک ہزار سے زیادہ مریض کورونا کے سبب ہلاک ہوئے ہیں۔ پیر کو بھی ایک ہزار سولہ مریض ہلاک ہوئے جس کے بعد بھارت میں ہلاکتوں کی کل تعداد 71 ہزار 642 تک پہنچ گئی ہے۔  بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 90 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکہ کی یونیورسٹی آف واشنگٹن کے شعبہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگلے سال کے آغاز تک امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرسکتی ہے۔ یونیورسٹی کی جاری کردہ تحقیق کے مطابق رواں سال کے بقیہ ساڑھے تین ماہ میں دو لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد اس  وبا کے سبب ہلاک ہوسکتے ہیں۔

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں اب تک 62 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ اس وبائی مرض سے اب تک ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں ماہ 26 ستمبر تک امریکہ میں وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر لوگ فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تو متوقع اموات میں نصف ہوسکتی ہیں۔ تاہم  اگر پابندیوں میں نرمی کی گئی تو نئے سال کے آغاز تک اموات میں کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تین مریض ہلاک اور 394 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد دو لاکھ 98 ہزار سے زیادہ ہے جن میں سے دو لاکھ 86 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا وبا سے پاکستان میں اب تک چھ ہزار 345 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 534 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔  پاکستان میں اب تک 27 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔