پاکستان 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے
- سوموار 07 / ستمبر / 2020
- 8690
پاکستان کے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کے شیڈول پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت پیر کو اسلام آباد میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کا مشترکہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث تعطل کا شکار تدریسی عمل کی دوبارہ بحالی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ وزرائے تعلیم کے اس اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے فیصلوں کے مطابق 15 ستمبر سے ملک بھر کی جامعات، کالجز اور نویں و دسویں جماعت کے طالب علموں کے لیے ہائی اسکولز کھولے جائیں گے۔
صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے اسکول کھولے جائیں گے جب کہ نرسری سے کلاس پنجم تک کے طالب علم 30 ستمبر سے اسکول جاسکیں گے۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا وائرس (این سی او سی) کا اجلاس منگل کو بلایا ہے جو کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے فیصلے کی حتمی منظوری دے گی۔
یاد رہے کہ کورونا وبا کے باعث پاکستان کے تعلیمی ادارے تقریباً چھ ماہ سے بند ہیں۔ وزیرِ تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کورونا وائرس کے قواعد و ضوابط کو اپنائیں گے اور متبادل دنوں میں اسکول کھولنے پر عمل کریں گے۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے بھی بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں کورونا بڑھتا ہے تو وہاں اسکولز بند کیے جائیں گے، اسکول میں ماسک کا استعمال لازمی ہوگا اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔