دنیا کو اگلے وبائی مرض کے لیے تیار رہنا چاہیے: عالمی ادارۂ صحت

  • منگل 08 / ستمبر / 2020
  • 5580

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس گیبراسس نے کہا ہے کہ دنیا کو اگلے وبائی مرض کے لیے تیار رہنا چاہیے۔  جنیوا میں پریس بریفنگ کے دوران ٹیڈروس گیبراسس نے کہا کہ کورونا وائرس آخری وبائی مرض نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ وبائی امراض زندگی کی ایک حقیقت ہے اس لیے دنیا اگلے وبائی مرض سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے تیار رہے۔  انہوں نے دنیا بھر کے ممالک پر زور دیا کہ وہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔

دسمبر 2019 میں چین میں رپورٹ ہونے والے پہلے کورونا وائرس کیس کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے دو کروڑ 27 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ آٹھ لاکھ 88 ہزار سے زیادہ مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کا شکار مزید 1133 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک ماہ سے زیادہ مدت کے دوران ہلاکتوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔  بھارت کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 سے ہونے والی ہلاکتیں جولائی سے اب تک ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔  بھارت میں حالیہ اموات کے بعد ملک میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 72 ہزار 775 ہو گئی ہے۔

بھارت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 42 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 330 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کا شکار مزید پانچ مریض چل بسے ہیں۔ اس طرح عالمی وبا سے پاکستان میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6350 تک پہنچ گئی ہے۔

برطانیہ میں اتوار کو کورونا وائرس کے 2 ہزار 988 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 23 مئی کے بعد سے برطانیہ میں کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کورونا وائرس کا شکار دو مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں 28 دن کے وقفے کے بعد رونما ہوئی ہیں۔ برطانیہ میں اب تک ساڑھے تین لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔