مہمند میں تودہ گرنے سے 19 افراد جاں بحق
- منگل 08 / ستمبر / 2020
- 6600
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں ماربل کی کان میں پہاڑی تودہ گرنے کے واقعے میں ریسکیو حکام نے مزید 6 لاشوں کو ملبے سے نکالا ہے۔ جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی۔
ایک بیان میں صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ اب تک 9 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ان میں سے 2 مہمند ہسپتال میں دوران علاج چل بسے جبکہ 5 اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ڈی جی پی، ڈی ایم اے نے کہا کہ ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور پشاور سے 5 ایمبولنسز اور ایک ریکوری وہیکل مہمند بھیج دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملبے تلے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پارٹی ورکرز کو کہا کہ وہ ریسکیو آپریشن میں مدد کریں۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مزدوروں کے لیے کام کرنے کی حالت انتہائی خراب ہے۔ ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو مزدور قانون پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔ اُمید ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ساتھ کھڑی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں زیارت ماربل پہاڑ کے بڑے حصے قریبی کانوں پر آگرے تھے۔ ابتدائی طور پر 11 لاشوں اور 5 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر غالانئی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ مزید لوگوں کا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ تودہ گرنے کے بعد سے کم از کم 25 افراد لاپتا ہیں۔ علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ کی کوریج بھی نہیں ہے۔ ریسکیو 1122 نے کہا تھا کہ مہمند ٹیم سرچ آپریشن کر رہی ہے تاکہ لاپتا لوگوں کو تلاش کیا جاسکے۔ مزید یہ کہ پشاور اور چارسدہ سے مزید لوگوں کو بھی وہاں بھیجا جارہا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی اور پہاڑوں سے معدنیات کے ذخائر نکالنے کے دوران اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔ فروری میں خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں ماربل کی کان میں تودہ گرنے سے 9 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔