کراچی کے اللہ والا ٹاؤن میں 5 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سےایک لڑکا جاں بحق

  • جمعرات 10 / ستمبر / 2020
  • 5620

کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں 5 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے 15 سالہ وقاص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جسے مردہ حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں 4 مزید زخمیوں کو جناح ہسپتال پہنچایا گیا۔ واقعے سے متعلق کورنگی انڈسٹریل ایریا کے اسٹیشن ہاؤس افسر نے بتایا کہ عمارت 5 منزلہ تھی۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا جبکہ بھاری مشینری سے عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔ عمارت گرنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور ابتدائی طور پر 6 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچادیا گیا۔

مکینوں نے بتایا کہ منہدم عمارت میں کم از کم 3 خاندان مقیم تھے جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی جانب سے مدد کے لیے آوازیں بھی دی گئیں۔ دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کورنگی کے ڈائریکٹر آصف رضوی نے بتایا کہ عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ عمارت چائنا کٹنگ کی زمین پر بنائی گئی تھی، اس عمارت کا کوئی نقشہ یا اپروول پلان نہیں تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس کے دوران کراچی میں کسی رہائشی عمارت کے گرنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ رواں برس سب سے ہولناک حادثہ 6 مارچ کو گلبہار میں پیش آیا تھا جہاں کثیر المنزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔