کامیابی کے لئے قائد اعظم کے فرمودات پر عمل ضروری ہے: صدر عارف علوی

  • جمعہ 11 / ستمبر / 2020
  • 9730

بانی پاکستان کی 72 برسی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ایک کامیاب قوم بن سکتے ہیں۔

قائد کی برسی کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد  مزار قائد پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔ بہت سے تعلیمی اداروں کے علاوہ سیاسی، سماجی اور ثقافتی تنظیموں نے بھی اس دن کی یاد میں متعدد پروگرامز کا انعقاد کیا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ہماری قوم نے کورونا وائرس کو شکست دی ہے یہ ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے اچھی کامیابی ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جس سے دنیا کچھ سیکھ سکتی ہے۔ اگر ہم سب مل کر وہ قوم تعمیر کریں کہ جس کا قائد اعظم نے تصور کیا تھا تو ہمارے پیچھے رہ جانے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں کے لیے اپنے عزم کی توثیق کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی اور پاکستان کو ایسی جگہ بنانا ہوگا جہاں لوگ بانی پاکستان کے تصور کے مطابق آزادی اور عزت سے رہ سکیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم بانی پاکستان کے آزاد مملکت کے تصور کی تجدید کریں۔ ہم نے یہ پاکستان ایک آزاد مملکت بنایا تھا جہاں انصاف ہوگا، جو ذات و مذہب سے بلند ہو کر انسانیت کے لیے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک  آئیڈل ملک بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ قائد اعظم بے انتہا بیماری کے باوجود اس ملک کے لیے انتھک محنت کرتے رہے اور پھر انہوں نے پاکستان کی صورت میں ایک آزاد ملک ہمیں دیا۔