افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کا آغاز ہوگیا
- ہفتہ 12 / ستمبر / 2020
- 5900
افغانستان میں قیامِ امن اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے لیے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔
مذاکرات کے آغاز کی تقریب سے امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ کے نائب ملا عبد الغنی برادر اور افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سمیت کئی شخصیات نے خطاب کیا۔
افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات باقاعدہ مذاکرات میں فریق اپنا اپنا نقطۂ نظر پیش کریں گے اور افغانستان میں مستقل اور پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کی راہ میں حائل چیلنجز زیرِ بحث لائیں گے۔ افغانستان کی قومی مفاہمت کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے با وقار اور مستقل امن پر زور دیا۔
عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے اگر ہم نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا ہے اور خلوص سے امن کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ تو افغانستان میں جاری مشکلات اور تکالیف کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔
طالبان کے نمائندے ملا عبد الغنی برادر نے اپنے خطاب میں ملک میں اسلامی نظام رائج کرنے پر زور دیا۔ ملا عبد الغنی برادر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ مذاکرات اور معاہدوں میں اسلام کو مدِ نظر رکھا جائے۔ اور اسلام کو ذاتی مفادات پر ترجیح دی جائے۔
امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ افغانستان کے دونوں فریق اپنے مستقبل کے سیاسی نظام کا انتخاب خود کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کو موقع ملا ہے کہ امن قائم کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ آپ میں سے ہر کوئی اپنے دل میں جھانک کر دیکھے گا۔ آپ میں سے ہر ایک پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے لیکن آپ جانتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔ پوری دنیا چاہتی ہے کہ آپ کامیاب ہوں۔
مذاکرات کے آغاز پر قطر کے وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کا کہنا تھا کہ فریقین ہر طرح کی تقسیم سے بلند ہو کر آگے بڑھیں اور ایک ایسے معاہدے تک پہنچیں جس میں کوئی فاتح اور کوئی مفتوح نہ ہو۔
خیال رہے کہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز رواں سال مارچ میں ہونا تھا۔ تاہم فروری میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے مطابق افغانستان میں قید طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ تعطل کا شکار ہوتا رہا جس کے باعث مذاکرات کے آغاز میں تاخیر ہوئی۔