بحرین نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا
- ہفتہ 12 / ستمبر / 2020
- 7230
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بحرین نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے اور امن قائم کرنے پر رضامندی ظاہہر کردی ہے۔ اس طرح ایک اور عرب ملک نے اسرائل کو تسلیم کرلیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ اعلان اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو اور بحرین کے شاہ حمد بن عيسى بن سلمان آل خليفہ کے ساتھ سہ طرفہ ٹیلی فون کال کے بعد جمعے کے روز کیا۔ تینوں رہنماؤں نے اس معاہدے کی تصدیق میں ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں اسے ایک اور تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر ٹرمپ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کی میزبانی کریں گے جس میں بحرین کے وزیر خارجہ شریک ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ نائن الیون سے جنم لینے والی نفرت کا اس سے زیادہ طاقت ور کوئی اور ردِ عمل نہیں ہو سکتا۔ صدارتی انتخابات سے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ صدر ٹرمپ کی ایک اور سفارتی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ جنوب مشرقی یورپ کے مسلم اکثریتی ملک کوسوو نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بھی اعلانات کیے تھے۔
بحرین اور اسرائیل میں تعلقات کے حوالے سے صدر ٹرمپ، نیتن یاہو اور شاہ حمد نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے امریکہ کے تعاون سے 13 اگست کو اسرائیل سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بحرین اب مصر، اردن اور متحدہ عرب امارات کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والا چوتھا عرب ملک بن گیا ہے۔ بحرین کا شمار دنیا کے سب سے چھوٹے ملکوں میں ہوتا ہے جس کا کل رقبہ 290 مربع میل ہے۔