کرپٹ عناصر سے حاصل ہونے والی رقم تعلیم پر خرچ کریں گے: وزیراعظم
- جمعرات 17 / ستمبر / 2020
- 6300
وزیر اعظم عمران خان نے کرپٹ عناصر سے حاصل ہونے والی رقوم کو تعلیم پر خرچ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نوآبادیاتی نظام کی وجہ سے ہمارا خود پر اعتماد ختم ہوا ہے۔
ہری پور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ ہے کہ ہم سائنسدان نہیں بناتے، کیوں کوئی ایجاد نہیں کرتے؟ ہم نقال بن گئے ہیں اور صرف نقل کرکے گزارا کرتے ہیں۔ پاکستان کو اس راستے پر چلنا چاہیے جس پر اللہ اسے عظیم ملک بنائے گا اور ہم وہ راستہ ڈھونڈ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوشش کرنا انسان کا کام ہے جبکہ کامیابی اللہ دیتا ہے۔ نوآبادیاتی نظام کے ذہن پر پڑنے والے اثرات کیبات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے گیا تو سینئرز پلیئرز نے مجھے کہا کہ اگر ہم انگریز سے عزت سے ہار جائیں تو یہ ہی ہماری کامیابی ہے۔ اس ذہنیت نے ہمیں تباہ کردیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اسی ذہنیت کی وجہ سے آج دوسرے سائنس و ٹیکنالوجی میں سب سے آگے نکل گئے۔ جتنا ہمارا مجموعی بجٹ ہوتا ہے ان کی ایک کمپنی کی مالیت کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے عوام ذہنوں کو نوآبادیات کے اثرات سے نکال کر اپنا راستہ بنانے کا سبق سکھایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، معیشت کی بدولت ہم اپنا راستہ خود منتخب کرسکتے ہیں کیونکہ خوش قسمتی سے ہمارے ملک میں کثیر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہنر کی کمی نہیں ہے۔ پاکستان سے ہزاروں بچے او اور اے لیول میں معیاری نمبرز حاصل کرتے ہیں۔ اگر امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا جائزہ لیں تو وہاں ہر اچھی یونیورسٹی میں پاکستانیوں کی تعداد نظر آئے گی۔
عمران خان نے کہا کہ پاک آسٹریا فیگوچ شول انسٹی ٹیوٹ طلبہ و ماہرین کو بہتر مواقع فراہم کرے گا۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ پہلے مرحلے میں سڑکوں کی تعمیر اور پاور اسٹیشنز تھے اور اب اسپیشل اکنامک زون خیبرپختونخوا میں تیار ہورہا ہے۔ انہوں نے اقرار کیا کہ گزشتہ دو برس میں ہم تعلیم پر اتنی توجہ نہیں دے سکے کیونکہ یہ بقا کی جنگ تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے کام کیا تو کووڈ 19 شروع ہوگیا۔ ہم احسن طریقے سے اس مرحلے سے نکلے۔ ہماری کوشش ہے کہ جدھر سے بھی پیسہ بچے اس کو تعلیم کے فروغ کے لیے خرچ کیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ میں سوچ رہا ہوں کہ قانون پاس کرایا جائے کہ کرپٹ عناصر سے حاصل ہونے والا پیسہ تعلیم پر خرچ کیا جائے۔ تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ترقی کی بدولت سنگاپور سالانہ 330 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کرتا ہے۔ ہمارا 22 کروڑ آبادی والا ملک ہے جہاں سے صرف 25 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوتی ہے۔