اقوام متحدہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے: وزیر خارجہ

  • جمعہ 18 / ستمبر / 2020
  • 5760

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے اگرچہ بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن وہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے ایک بیان کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں  خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پربات کریں گے۔ وزیر اعظم کے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ نےکیسے نظر انداز کیا اس پر بات ہو گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر گزشتہ 7 دہائیوں سے طاقت کا استعمال کر رہا ہے تاہم طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکمت عملی کی ناکامی کی آوازیں بھارت کے اندر سے ہیی اٹھ رہی ہیں۔ بھارت نے یک طرفہ قوانین اور بندشوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہا۔ 5 اگست 2019 کے بعد کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت وقتی طور پر آواز دبانے میں کامیاب تو ہو سکتا ہے مگر ان مظالم سے مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ آج مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے، وہاں شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جارہا ہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں۔

یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یک طرفہ فیصلوں کوقبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے، آج عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے سائیڈلائن میں ان کی دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں اور ان دو طرفہ ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر زیربحث آیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں نے یورپین یونین کی سفیر سے ملاقات کے دوران بھی یہی کہا کہ یورپی یونین تو انسانی حقوق کی علمبردار ہے۔ ان کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانی چاہیے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، اس سے پاکستان کو وقتی طور پر ایک بہت بڑا ریلیف ملا ہے۔ کورونا کی وجہ سے معیشت دباؤ میں ہے، ان حالات میں یہ ایک بہت بڑا ریلیف ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے بہت گہرے تاریخی تعلقات ہیں اور ہمارا ایک جذباتی لگاؤ بھی ہے۔