حکومت نواز شریف کی تقریر نشر نہیں ہونے دے گی: شہباز گل

  • ہفتہ 19 / ستمبر / 2020
  • 5940

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے کل جماعتی کانفرنس  سے خطاب کیا اور وہ نشر ہوا تو پیمرا سمیت دیگر قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی سرگرمیاں کرے اور بھاشن دے۔ شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

شہباز گل کے بیان کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹوئٹ کے جواب میں تصدیق کی کہ اے پی سی سے نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 4 ہفتوں کی ضمانت ملنے پر علاج کے لیے لندن گئے تھے اور تاحال وہیں مقیم ہیں۔ ان کے خلاف عدالت میں کئی مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں سے ایک میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے جو لندن ہائی کمیشن کو موصول ہوچکے ہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کے خلاف شہباز گل کے ٹوئٹ پر  مریم نواز نے کہا ہے  کہ اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟ روک سکو تو روک لو‘۔ ٹوئٹر پر مریم نوز نے لکھا کہ  کنٹینر پر گالیاں دینے، ہنڈی اورسول نافرمانی کی تلقین کرنے، بجلی کے بل پھاڑنے، سرکاری املاک و پولیس پر حملے کرنے والوں کو تو نواز شریف نے روکا نہ پیمرا کو استعمال کیا گیا ۔اب  نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟اس کی آواز گھر گھر گونجے گی انشاء اللّہ روک سکو تو روک لو‘

ایک اور ٹوئیٹ میں  مریم نواز نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر بھی نواز شریف کا بیان دکھانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ وہ ایک شہری کی تجویز کا جواب دے رہی تھیں جس میں اس کا کہنا تھا کہ  نواز شریف کا اے پی سی سے خطاب لندن سے ہی سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز بشمول فیس بک، ٹویٹر، یوٹیوب پر لائیو سٹریم کرنا چاہئے تاکہ اسے پاکستان میں بلاک کرنا ممکن نہ ہو۔