پاکستان میں پرائمری اسکول 30 ستمبر سے کھولنے کی اجازت
- منگل 22 / ستمبر / 2020
- 7220
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ابتدائی فیصلے کے مطابق پرائمری اسکول 30 ستمبر سے تعلیمی سلسلہ شروع کرسکیں گے۔ تاہم سندھ نے ایک ہفتہ مزید نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا اگر تمام صوبے ایک ہی وقت میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کئی اسکول اس لیے بند کیے گئے کیونکہ انہوں نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تھا۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ صوبوں کی مشاورت کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، صوبہ سندھ نے نظر ثانی کے لیے مزید ایک ہفتہ مانگا ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا کیسز میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاق کے اسکول کھولنے سے متعلق فیصلے کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد گزشتہ ہفتے میں کورونا کیسز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔ گزشتہ ہفتے کورونا کیسز کی شرح میں پہلے سے زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔
کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کل سے چھٹی سے آٹھویں کلاسز کو کھولا جائے۔ والدین اور اساتذہ سے گزارش ہے کہ بچوں میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ اسکول کھلنے کے بعد ملک بھر میں کیسز میں اضافہ نہیں ہوا اس لیے اسکول کھولنے کے دوسرے مرحلے کے التوا کا کوئی جواز نہیں۔