پاکستان میں ادویات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیوں ہوتا ہے؟

  • جمعہ 25 / ستمبر / 2020
  • 10770

حکومتِ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر مقامی سطح پر بننے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی ہے۔ سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ دواؤں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے اضافہ ضروری تھا۔

گزشتہ برس جولائی میں بھی ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں سات سے 10 فی صد تک اضافے کی اجازت دی گئی تھی۔  اس سے قبل 2018 میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں 15 فی صد تک اضافہ کیا تھا۔ ایک جانب ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وہیں دوا ساز کمپنیوں کا کہنا ہے کہ خام مال کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے وہ کم قیمت پر دوائیں نہیں بنا سکتے۔

پاکستان میں غیر ملکی دوا ساز کمپنیوں کی نمائندہ تنطیم فارمابیورو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ ٹمی حق کا کہنا ہے کہ جن دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، وہ ہارڈ شپ کیس میں آتی ہیں۔ اُن کے بقول یہ ایسی ادویات ہیں جن کی قیمتیں بہت کم ہیں اور اِن کے خام مال کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دوا ساز کمپنیاں اب انہیں تیار نہیں کر سکتیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ صرف اُن ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے جن کی مارکیٹ میں قلت ہے۔ مقامی ادویہ ساز اداروں نے کم قیمتوں پر فروخت کے نقصان کی وجہ سے ادویات کی پیداوار روک دی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ادویات میں سے زیادہ تر کی قیمتیں ایک عشرے سے نہیں بڑھائی گئی تھیں جس کی وجہ سے 94 مینوفیکچررز نے اُنہیں بنانا چھوڑ دیا تھا اور مارکیٹ میں اُن کی قلت ہو گئی تھی۔

جب یہ ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوتیں تو مریض غیر ملکی مگر مہنگی اور اسمگل شدہ ادویات خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت طاقت کے ذریعے ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی یقینی نہیں بنا سکتی کیوں کہ قیمتوں میں کمی کے لیے دباؤ ڈالا جائے تو ادویات بنانے والے پیداوار روکنے کے متعدد طریقے اپنا لیتے ہیں۔

عائشہ حق کہتی ہیں کہ پڑوسی ملک بھارت میں ادویہ سازی میں بہت زیادہ تحقیق ہو رہی ہے، جب کہ پاکستان میں یہ تحقیق نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ادارہ نہیں ہے جس کی وجہ سے ساری دوائیاں باہر سے آتی ہیں۔ جب کہ مقامی کمپنیاں اُن ادویات کے 'جنیرک' بناتی ہیں۔ ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ جنیرک بنائیں لیکن وہ معیاری ہونی چاہیے۔

پاکستان کی مقامی کمپنیاں بھی دوائیوں کی قیمتیں مقرر کرنے کی پالیسی کے بارے میں تحفظات کا شکار ہیں اور کاروباری خسارے کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتی ہیں۔  مقامی ادویہ ساز کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے چیئرمین اور ایک مقامی دوا ساز کمپنی 'شاذوذکا' کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد ذکا الرحمٰن کہتے ہیں کہ پاکستان میں بننے والی ادویات کا تقریباً سارا خام مال درآمد کرنا پڑتا ہے جس کی لاگت ڈالر کی قدر سے جڑی ہوئی ہے۔

پاکستان میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ایک بڑا سبب ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ ملکی کمپنیوں کے کاروبار پر بھی اثر پڑا ہے۔  وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوائیوں کی قیمتوں سے متعلق 2018 میں بننے والی پالیسی کے مطابق اگر کسی دوائی کی قیمت بڑھانا مقصود ہو تو اُسے ہارڈ شپ کیس کہا جاتا ہے۔ جس کے لیے ایک پرائسنگ بورڈ موجود ہے جو قیمتوں کا جائزہ لیتا ہے جس کے بعد اسے پالیسی بورڈ میں بھیجا جاتا ہے۔ پھر کابینہ اُس کا فیصلہ کرتی ہے۔

وفاقی حکومت کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی پی ایم اے نے بتایا کہ دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا کیس 2019 سے رُکا ہوا تھا۔ یہ تمام ضروری ادویات ہیں جن کی قیمتیں بڑھ گئیں تھیں اور اَب یہ بازار میں دستیاب نہیں تھیں۔ میاں ذکا الرحمٰن کا کہنا تھا "ہم حکومت کو گزشتہ ایک سال سے کہہ رہے ہیں کہ سستی دوائیوں کی قیمتوں میں جو جائز اضافہ ہے اُس کی اجازت دی جائے تا کہ عوام مہنگی اور غیر ملکی ادویات خریدنے پر مجبور نہ ہوں۔"

اُن کے بقول اگر ایک دوائی دو روپے میں بنتی ہے اور اُس کے خام مال کی قیمت میں اضافہ ہو جائے تو وہ حکومت کو بتا سکتے ہیں کہ یہ دوائی اب تین روپے میں بنے گی۔ کئی سال تک ادویات کی قیمتیں منجمد رکھنے اور قیمتوں کی پالیسی متعارف کرانے کے بعد اس پر عمل درآمد نہ ہونے سے دوا ساز کمپنیاں کس طرح کاروبار چلا سکتی ہیں؟

محکمہ صحت کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان میں اِس وقت مقامی ادویہ ساز کمپنیوں کی تعداد 775 ہے، جب کہ 24 غیر ملکی کمپنیاں بھی دواسازی کررہی ہیں۔  پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی تعداد گزشتہ 15 برسوں میں 46 سے گھٹ کر 24 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ان غیر ملکی دوا ساز کمپنیوں کا دوا سازی کی صنعت میں پیداوار کا حصہ 45 فی صد ہے۔

مقامی ادویہ ساز کمپنیوں میں سے 100 کمپنیاں مقامی کمپنیوں کی پیداوار کا تقریباً 97 فی صد پیدا کرتی ہیں جب کہ باقی چھ سے 50 کمپنیوں کا اس پیداوار میں حصہ صرف تین فی صد ہے۔ پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکا اللہ کے مطابق پاکستان کی مارکیٹ تین ارب ڈالر کی ہے جس کا 99 فی صد مقامی ادویہ ساز کمپنیاں پورا کرتی ہیں۔

پاکستان دنیا کے 40 ملکوں کو 300 ملین امریکی ڈالر سالانہ کی ادویات برآمد کرتا ہے۔ مقامی سطح پر تیار کردہ کرونا وائرس کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا 'ریمڈیسیور' افریقہ، ساؤتھ ایسٹ ایشیا اور وسطی ایشیا میں برآمد کی جا رہی ہے۔ ادویہ سازی کا زیادہ تر خام مال بیرونِ ملک سے آتا ہے جس کی ادائیگی ڈالر میں کی جاتی ہے۔ ڈالر کی قیمت پہلے 100 سے 150 روپے تھی جو اَب 170 روپے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق حکومتِ پاکستان کے شعبہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے پاس ایک ریسرچ فنڈ ہوتا ہے۔ اِس فنڈ میں دوا ساز کمپنیاں اپنے منافع کا ایک فی صد بطور تحقیق دیتی ہیں۔ اِس فنڈ کے تحت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ملک بھر میں ادویات پر تحقیق اور لیبارٹریز بنانے کی پابند ہوتی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق برسوں سے اِس فنڈ کا مناسب استعمال نہیں کیا گیا ہے۔