منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور اُن بہن فریال تالپور پر فرد جرم عائد

  • سوموار 28 / ستمبر / 2020
  • 6630

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت 14 ملزمان پر منی لانڈرنگ کے مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔ تاہم ملزمان نے فرد جرم سے انکار کیا ہے۔

پیر کے روز احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے منی لانڈرنگ سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت کی تو سابق صدر اصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ عبدالغنی مجید اور عبدالمجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ احتساب عدالت کے جج نے ملزمان کی موجودگی میں منی لانڈرنگ کے ریفرنس میں فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے ملزمان کے خلاف پارک لین ریفرنس اور ٹھٹہ واٹر سپلائی کے ریفرنس میں عدالتی کارروائی پانچ اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔ سماعت کے دوران پارک لین ریفرنس اور ٹھٹہ واٹر سپلائی ریفرنس میں چار ملزمان غیر حاضر تھے۔ احتساب عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل جب ریفرنس کے بارے میں عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے کیس میں سندھ حکومت کی پیروی کر رہے ہیں لہذا سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی جائے۔

وقفے کے بعد بھی جب فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت میں نہ پہنچے تو احتساب عدالت کے جج نے ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی جبکہ دو ملزمان جو اس وقت گرفتار تھے، کے وکلا کو فرد جرم کی کاپیاں فراہم کی گئیں۔