نوشہرہ میں دھماکہ: 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی
- منگل 29 / ستمبر / 2020
- 7250
نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں دھماکے کےنتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر کے مطابق دھماکا دریائے کابل کے ساتھ موجود مارکیٹ میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ دریا کابل کے کنارے سے پتھروں سے کچھ اسکریپ کا سامان نکال رہے تھے، جس میں کچھ دھماکا خیز مواد بھی تھا جو اس وقت پھٹ گیا جب وہ اس کا وزن کر رہے تھے۔ اس واقعے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات کر رہی ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاک افغان سرحد کے قریب لوئر کرم کے علاقے شاروکی میں امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا تھا۔
فروری 2020 میں خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس وین کے قریب امپرووائسڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے تھے۔ کلاچی کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا تھا۔