دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی

  • منگل 29 / ستمبر / 2020
  • 4420

کورونا وبا سے دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد  10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ چین کے شہر ووہان میں سامنے آنے والے وائرس کے بعد 9 ماہ کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔

وائرس کی وجہ سے کئے جانے والے سخت اقدامات نے انسانوں کی آدھی آبادی کسی نہ کسی شکل میں لاک ڈاؤن کا سامنا کرچکی ہے۔  جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق آج 29 ستمبر کی دوپہر تک اس وبا کے ہاتھوں 10 لاکھ 2 ہزار 296 مریض لقمہ اجل بن چکے تھے۔ متاثر ہونے والوں کی تعداد 3 کروڑ 33 لاکھ 84 ہزار 153 ہے جس میں سے 2 کروڑ 31 لاکھ 67 ہزار 288 صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہے جودنیامیں سب سے زیادہ ہے۔  اس کے بعد برازیل، بھارت، میکسکو اور برطانیہ کا نمبر ہے۔ اس وقت بیشتر ممالک کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا کررہے ہیں اور متعدد ملکوں میں نئی پابندیں عائد کی جارہی ہیں۔

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے خبردار کیا تھا کہ معاشی بدحالی غیر معمولی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔ وبا کی پہلی لہر کے دوران یورپ بری طرح متاثر ہوا جس میں پیرس، لندن اور میڈرڈ انفیکشن کے خطرات کو کم کرنے اور ہسپتالوں سے بوجھ کم کرنے کے لیے روک تھام کے اقدامات پر مجبور ہوگئے تھے۔

ستمبر کے وسط میں کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اور عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر مزید مشترکہ عالمی اقدامات نہ کیے گئے تو اموات کی تعداد 20 لاکھ ہوسکتی ہے۔ بھارت میں انفیکشنز کی تعداد 60 لاکھ سے بڑھ چکی ہے لیکن حکام معیشت کی بہتری کے لیے بند شعبے کھول رہے ہیں۔