مشرقی افغانستان میں خود کش کار بم دھماکا، 15 افراد ہلاک
- ہفتہ 03 / اکتوبر / 2020
- 5770
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں سرکاری عمارت کے اندر خودکش کار بم دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے اور تین درجن سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ ننگرہار کے گورنر عطااللہ خان خوگیانی نے بتایا کہ حملے میں سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ ضلع غنی خیل میں واقع اس انتظامی عمارت کے دفتر میں کچھ دفاتر اور تنصیبات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی صدر دفتر کی اس عمارت کے داخلی دروازے پر دھماکا کیا گیا۔ حملے کے بعد کئی مسلح افراد نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی فورسز نے انہیں ہلاک کردیا۔
صوبائی پولیس کے ترجمان نے بھی دھماکے اور اموات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں اکثریت سیکیورٹی فورسز کے اراکین کی ہے لیکن کچھ شہری بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے خبر رساں ایجنسی اے پی سے گفتگو میں کہا کہ دھماکے میں 38 افراد زخمی بھی ہوئے جو ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب مقامی افراد ظہر کی نماز کے لیے جمع ہو رہے تھے۔ گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے کہا کہ حملے کے بعد متعدد مسلح حملہ آوروں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اور تمام حملہ آور مارے گئے۔
ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن داعش اور طالبان اس علاقے میں بہت متحرک ہیں اور دونوں افغان حکومت اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب تقریباً دو دہائیوں پر محیط پر اس جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں مذاکرات جاری ہیں۔