کورونا وائرس کا شکار صدر ٹرمپ اسپتال منتقل کردیے گئے
- ہفتہ 03 / اکتوبر / 2020
- 4410
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد انہیں جمعے کی شام اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنے صدارتی فرائض اسپتال سے ہی سر انجام دے رہے ہیں۔
اسپتال سے انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ سب ٹھیک چل رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر شان کون لی نے جمعے کو وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری کاہلی مک نانی کو اپنے ایک میمو میں کہا ہے کہ آج شام میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ صدر کی صحت کی صورتِ حال بہت بہتر ہے۔ انہیں کسی اضافی آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیشلسٹس سے مشاورت کے بعد ہم نے انہیں ریمسیوائر تھراپی دی ہے۔ انہوں نے اس کی پہلی خوراک مکمل کر لی ہے۔ وہ پرسکون ہیں اور آرام کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کو جمعے کی سہ پہر ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ایک فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کچھ روز تک اسپتال میں ہی رہیں گے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے سے قبل صحافیوں کو دیکھ کر ہاتھ لہرایا اور سب اچھا ہونے کا اشارہ کیا۔ جس کے بعد وہ میری لینڈ کے شہر بیتھسڈا میں واقع والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر کی جانب پرواز کر گئے۔ اس موقع پر توقع ک برعکس انہوں نے صحافیوں سے کوئی بات نہیں کی۔
فوجی اسپتال میں صدر کے لیے ایک مخصوص کمرہ ہے جہاں دفتری امور سرانجام دینے کے انتظامات موجود ہیں۔ ہیلی کاپٹر کے لینڈ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ ایک گاڑی میں سوار ہو کر اسپتال کی عمارت کے مرکزی دروازے تک پہنچے جو ہیلی پیڈ سے کچھ ہی فاصلے پر ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان مک نانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے معالج اور طبی ماہرین کے مشورے پر صدر آئندہ چند روز کے لیے اپنے سرکاری امور والٹر ریڈ اسپتال کے صدارتی دفتر سے سر انجام دیں گے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدے داروں کے مطابق 74سالہ صدر کے اسپتال میں داخل ہونے سے صدراتی اختیارات نائب صدر مائیک پینس کو منتقل نہیں ہوئے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری کا کہنا ہے کہ صدر میں وبا کی علامتیں معمولی نوعیت کی ہیں۔ اور وہ دن بھر اپنے امور کی انجام دہی میں مصروف رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی جمعے کو تصدیق ہوئی تھی۔ میلانیا ٹرمپ کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے اور وہ وہائٹ ہاؤس میں ہی مقیم ہیں۔
صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے دو سینیترز اور ایسے متعدد افارد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جنہوں نے صدر کے ساتھ مختلف تقاریب میں شرکت کی تھی۔