پاکستان میں وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ، وزیر اعظم کا ماسک استعمال کرنے کامشورہ
- اتوار 04 / اکتوبر / 2020
- 6810
وزیراعظم عمران خان نے موسم سرما میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ماسک لازمی استعمال کریں۔
ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کی نسبت پاکستان پر رب کریم کا خاص فضل رہا اور ہم کووڈ 19 کے بدترین اثرات سے محفوظ رہے۔ وزیراعظم نے لکھا کہ تاہم خدشہ ہے کہ سرما میں وبا کی دوسری لہر سر اٹھا سکتی ہے لہٰذا میری درخواست ہے کہ اس میں تیزی سے اضافے سے بچاؤ کے لیے اچھی طرح منہ ڈھانپ کر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے یقینی بنائیں کہ سب ماسک پہنیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 632 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما میں وائرس کی دوسری لہر آ سکتی ہے، لہذٰا عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل جاری رکھیں گے۔
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر نافذ کردہ پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے اتوار کو چھ ہزار زائرین کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت دے دی۔ حکومت کی طرف سے پہلے مرحلے میں سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔ سرکاری احکامات کے مطابق ایک شخص زیادہ سے زیادہ تین گھنٹوں میں عمرہ ادا کرنے کا پابند ہو گا۔
اس ضمن میں مسجد الحرام میں نماز پڑھنے اور عمرہ کے خواہش مندوں کو پہلے سے تاریخ اور وقت کی آن لائن بکنگ کرانا ہو گی۔ دوسرے مرحلے میں رواں ماہ 18 اکتوبر سے زیادہ سے زیادہ 15 ہزار زائرین کو عمرہ اور 40 ہزار نمازیوں کو اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں لگ بھگ 3 لاکھ 36 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس وبا سے 4800 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
برطانیہ میں ہفتے کو کورونا وائرس کے 12 ہزار 872 ریکارڈ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کیسز میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ جمعے کو حکام نے چھ ہزار 968 کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم حکام کا کہنا تھا کہ بعض تیکنیکی وجوہات کی بنا پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کا عمل متاثر ہو گیا تھا۔ برطانیہ میں روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں اب تک چار لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 42 ہزار سے زائد افراد اس وبا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔
اگر آپ ایک بار کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں تو یہ امکان موجود ہے یہ وبا دوبارہ بھی آپ کو متاثر کر سکتا ہے۔ لیکن کب؟ یہ معلوم نہیں ہے۔ ہانگ کانگ میں طبی تحقیق کے بعد ماہرین نے بتایا ہے کہ یہ شواہد ملے ہیں کہ ایک شخص جسے پہلے بھی کورونا وائرس ہو چکا تھا۔ کئی ماہ کے بعد اس میں دوبارہ عالمی وبا کی ابتدائی علامتیں ظاہر ہوئی ہیں۔
یہ تحقیق ابھی سائنسی اور طبی جرائد میں شائع نہیں ہوئی ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص پر جب پہلی بار کورونا وائرس کا حملہ ہوا تھا، تب اس کی علامات کم سطح کی تھیں اور اب دوسری بار وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود وبا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ جب کہ اس کا ٹیسٹ پازیٹو ہے۔