نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے حکومت نے قائم نہیں کئے: وزیر اطلاعات
- منگل 06 / اکتوبر / 2020
- 3340
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کسی ایف آئی آر سے حکومت یا وزیر اعظم کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ہم نے کوئی غداری کے مقدمے قائم نہیں کئے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ معاشی اعشاریے اچھے جارہے ہیں، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بہتری آئی ہے اور مالی خسارہ مسلسل 2 ماہ سے کنٹرول میں ہے۔ بیرونی سامایہ کاری بھی قابل اطمینان ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بیرونی سرمایہ کار آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں روز مرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بارشوں کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچا اور قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ بارشوں سے کپاس کی پیداوار بھی متاثر ہوئی اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث کپاس کی پیداوار کے اہداف پورے نہیں کر سکیں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مہنگائی کے علاوہ تمام اشاریے مثبت ہیں۔ گندم اور چینی کے ذخائر ہماری ضرورت کے مطابق ہیں لیکن حکومت سندھ گندم ریلیز نہیں کر رہی جو قیمتوں میں اضافے کی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پی آئی اے کے معاملات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پی آئی اے میں بہت مسائل ہیں تاہم کورونا کے دوران قومی ایئر لائن کا ریونیو 7.8 ارب روپے بڑھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دشمن پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے۔ جو بیانیہ بیان کیا جارہا ہے یہی باتیں ہمارے دشمن بھی کر رہے ہیں۔ دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان کا حال لیبیا، عراق یا افغانستان جیسا ہو جائے۔ بھارت کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ ہمیں بلیک لسٹ میں لے جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم اپنے کام کر رہے ہیں، ہم اداروں کو آگے لے جارہے ہیں اور ملک کی خوشحالی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ عمران خان کرپشن نہ کرتا ہے نہ ہی کسی کو کرنے دے گا۔ پچھلےحکمران لوٹ مار میں لگے رہے اور مال بنایا۔ اگر ملک میں کوئی کرپٹ نہیں ہے تو ملک میں کرپشن کس نے کی ہے؟
نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ جس نے بھی کیا ہے پتہ چل جائے گا لیکن اسے ہمارے کھاتے میں نہ ڈالا جائے۔ ہوسکتا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ایف آئی آر ان کے اپنے لوگوں نے درج کرائی ہو۔ لیکن ایسی کسی ایف آئی آر سے حکومت یا وزیر اعظم کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ہم نے کوئی غداری کے سرٹیفکیٹ نہیں دیے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں کتنی ہی ایف آئی آرز ہوتی ہیں، کیا وہ سب وزیر اعظم سے پوچھ کر ہوتی ہیں؟ پنجاب حکومت معلوم کرے کہ مقدمہ درج کس نے کروایا ہے تاہم دشمن کی زبان بولیں گے تو کہنے کی ضرورت نہیں کہ کون محب وطن ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں شہری بدر رشید کی مدعیت میں نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف غداری اور ملک دشمنی کے الزامات میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔