اداروں کو داؤ پر لگانے والوں کو قوم تسلیم نہیں کرے گی: شبلی فراز

  • بدھ 07 / اکتوبر / 2020
  • 6210

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اگر کوئی اپنے ذاتی مفاد کے لیے ملک کے اداروں فوج و عدلیہ کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے تو قوم اس کو بالکل تسلیم نہیں کرے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہمیں بڑی تعداد میں ووٹ دیے اور ہمیں نشستیں بھی ملیں۔ لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی کے لیے کام کرنا ہمارا فرض ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے اہم مسائل کے حل کے لیے تمام مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔  ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اندرون سندھ اتحادیوں کے ساتھ مل کر پیکیجز بھی بنا رہی ہے جس سے سندھ کے دیگر اضلاع کو بھی ان کا حق مل سکے اور بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ ہو سکے۔

شبلی فراز نے حکومت مخالفت احتجاج کو ذاتی مفاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دے کر اس لیے اقتدار میں لائے تھے تاکہ اس ملک میں کرپشن اور لوٹ میں ملوث عناصر کا احتساب ہو سکے۔ عوام میں بے یقینی پھیلانے کے لیے جو جلسے جلوسوں کی کوششیں ہو رہی ہیں، اس کا بنیادی طور پر ایک ہی مقصد ہے کہ پیپلز پارٹی ہو یا مسلم لیگ (ن)، وہ اپنے لیڈران کی کرپشن کو چھپا سکیں۔ کسی طرح سے حکومت مذاکرات پر راضی ہو جائے اور ان کے کرپشن کے کیسز میں نرمی کی جائے۔

ذاتی مفاد کے لیے ملک کے اداروں فوج، عدلیہ کو داؤ پر لگانے والوں کو قوم بالکل تسلیم نہیں کرے گی کیونکہ یہ ادارے ہی ملک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمیں زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ لیکن ہماری معیشت پر اثر پڑا ہے۔ بے روزگاری بھی بڑھی اور ایسے حالات میں کوئی اپوزیشن پارٹی اس طرح کی مہم شروع کرنا چاہتی ہے تو وہ ملک دوست نہیں ہو سکتی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت 40 افراد کے خلاف بغاوت کے مقدمے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔ ملک میں کوئی بھی کسی کے بھی خلاف ایف آئی آر درج کرا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور دیگر 40 مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف بغاوت اور دیگر الزامات کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی تھی۔