نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم
- جمعرات 08 / اکتوبر / 2020
- 4860
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنا، ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک کی آمدن بڑھانا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی سربراہی میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2020 پیش کی گئی اور شرکا کو اس کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ان تینوں ترجیحات کے حوالے سے طے شدہ اہداف کے حصول میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ گزشتہ 10 برس کے عرصے میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ حکومتی ترجیحات کے پیش نظر تمام وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔ حکومت ایس ایم ایز کو تمام ممکنہ آسانیاں بشمول قواعد و ضوابط کو نرم کرنے، کریڈٹ کی فراہمی، ٹیکس کے نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔