نیویارک میں پی آئی اے کا روزویلٹ ہوٹل کو 31 اکتوبر سے بند ہوجائے گا
- جمعہ 09 / اکتوبر / 2020
- 7780
نیویارک کے قلب میں واقع پی آئی اے کا ہوٹل روزویلٹ ہوٹل 31 اکتوبر سے بند کیا جارہا ہے۔ ہوٹل کی ویب سائٹ پر یہ اعلان کرتے ہوئے اس کی وجہ کورونا وائرس کو قرار دیا گیا ہے۔
اعلان میں کہا گیا کہ ’موجودہ معاشی اثرات کے باعث نیویارک کا گرینڈ ڈیم روزویلٹ ہوٹل تقریباً 100 برس تک مہمانوں کو خوش آمدید کرنے کے بعد 31 اکتوبر سے اپنے دروازے مستقل طور پر بند کر رہا ہے‘۔
ہوٹل کی ترجمان نے اس حوالے سے مزید سوالوں کا جواب دینے سے گریز کیا ہے۔ ویب سائٹ پر موجود پیغام میں کہا گیا کہ مستقبل کی ریزرویشنز کے ساتھ مہمانوں کے لیے ’متبادل رہائش پر کام‘ جاری ہے۔ ہوٹل کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے اپنے زبردست عملے کے ساتھ کام کرنے اور مہمانوں اور کلائنٹس کی زندگیوں اور خوشیوں کا حصہ بننا اعزاز رہا ہے۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ نے ہوٹل کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے پی آئی اے سے رابطہ کرنے کے لئے کہا ہے۔ سفارتخانے کے ترجمان نے روزنامہ ڈان کو بتایا کہ ’ہمیں ابھی تک مطلع نہیں کیا گیا‘۔ تاہم سفارتی ذرائع نے واضح کیا کہ پی آئی اے ابھی تک اس جائیداد کا مالک ہے چونکہ عمارت کو فروخت نہیں کیا گیا۔
اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ہوٹل اس علاقے میں موجود دیگر ہوٹلز کی طرح بند ہورہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وبا نے ہوٹل کی صنعت کو تقریباً ختم کر دیا ہے‘۔ اس عمارت کی مالیت اب بھی ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ پاکستان کے پاس اب 2 آپشن ہیں۔ اسے بیچ دے یا کووڈ 19 کی وجہ سے متاثر ہونے والے مین ہٹن کے دیگر ہوٹلز کی طرح اسے کنڈومینیم (مشترکہ اختیارات) میں تبدیل کردے۔
واضح رہے کہ جولائی 2020 میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے ہوٹل کو بیچنے کی بجائے اسے مشترکہ منصوبے کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کمیٹی کی سربراہی کرتے ہوئے ایک نکاتی ایجنڈا نجکاری کا جائزہ لیا تھا۔
سی سی او پی نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایک مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرے تاکہ لین دین کا عمل شروع کیا جائے۔ ایک کنسلٹنسی نے تجویز دی تھی کہ روزویلٹ ہوٹل کی پراپرٹی کا سب سے اچھا اور بہتر استعمال سائٹ کو ایک ریٹیل اور کنڈومینیم سے زیادہ ایک آفس ٹاور میں تبدیل کرنا ہوگا۔ جو مشترکہ منصوبے کے ذریعے کای جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ روزویلٹ ہوٹل کو 23 ستمبر 1924 کو کھولا گیا تھا اور اسے نائیگرا فالز کے تاجر فرینک اے ڈیوڈلے نے تعمیر کیا تھا۔ پی آئی اے نے 1979 میں اپنے سرمایہ کاری کے شعبے کے ذریعے اس ہوٹل کی لیز حاصل کی جس میں یہ آپشن بھی تھا کہ 20 برس بعد اس عمارت کو خریدا جاسکتا ہے۔ 1999 میں پی آئی اے نے اپنے اختیارات کو استعمال کیا اور 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر میں ہوٹل کو خریدا۔ 2005
پی آئی اے کا ہوٹل میں 99 فیصد حصہ ہے جبکہ سعودیوں کا صرف ایک فیصد ہے۔