کراچی سے دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر گرفتار

  • سوموار 12 / اکتوبر / 2020
  • 6820

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ  نے مختلف کارروائیوں میں متعدد دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرکو گرفتار کئے ہیں۔ یہ کارروائی  گزشتہ روز ایک ایک مدرسہ کے مہتمم مولانا عادل کے قتل کے بعد کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ایک کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد منہاج الدین عرف منہاجہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی بنوں اختر گروپ سے ہے، جو بم بنانے اور پلانٹ کرنے کا ماہر ہے۔ سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم بیرون ملک فرار ہونے کے لیے کراچی آیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے دوسری کارروائی کے دوران متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کے ایک  ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا ہے۔ ٹارگٹ کلر لعل بادشاہ کو کورنگی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم نے 2010 میں فائرنگ کرکے سیاسی جماعت کے کارکن کو قتل کیا تھا۔

اس دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مولانا عادل خان کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مراد علی شاہ نے جامعہ فاروقیہ کراچی میں مولانا عادل خان کے بھائی مولانا عبیداللہ خالد اور بیٹے مولانا مفتی انس سے تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عادل خان ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتے تھے اور ان کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن بھی تھے۔

بیان کے مطابق وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل اور مولانا حنیف جالندھری بھی جامعہ فاروقیہ میں موجود تھے۔ جامعہ فاروقیہ کراچی کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کو ہفتے کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔