موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی گرفتار
- سوموار 12 / اکتوبر / 2020
- 5730
سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم عابد علی کو فیصل آباد سے حراست میں لیا گیا۔ اسے لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ایک ٹوئٹ میں عابد علی کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ واضح رہے کہ کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لئے کئی ہفتوں سے کوشش جاری تھی۔
چار رکنی گینگ کا سربراہ عابد پنجاب کے مختلف تھانوں میں درج 10 دیگر مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ خیال رہے کہ 9 ستمبر کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور کے مضافات میں ملزمان فرانسیسی شہریت رکھنے والی خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد ان کا اے ٹی ایم کارڈ لے گئے تھے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی کا فیول ختم ہونے پر موٹروے پر کھڑی تھیں۔ 2 مسلح افراد وہاں آئے اور مبینہ طور پر خاتون اور ان کے بچوں کو مارا، جس کے بعد وہ انہیں قریبی کھیتوں میں لے گئے جہاں خاتون کا ریپ کیا گیا۔
شدید عوامی غم و غصے کے بعد حکومت نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کی تھیں۔ ایک ملزم پہلے ہی حراست دے چکا ہے۔