مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑدیا، اب صرف ہیڈ کوچ رہیں گے

  • بدھ 14 / اکتوبر / 2020
  • 5640

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

مصباح الحق نے کہا کہ اگلے دو سالوں میں بین الاقوامی کرکٹ میں ہماری 10 اہم کمٹمنٹ ہیں جس میں سے کچھ دورے ایسے ہیں کہ میرے لیے بطور چیف سلیکٹر کام کرنا اور ڈومیسٹک کرکٹ کو دیکھنا مشکل ہوتا۔ اس لئے میں نے کرکٹ پر مزید توجہ دینے کے لیے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑدیا ہے کویں کہ یہ اس کا درست وقت ہے۔ میں نے بورڈ سے بات کی ہے کہ میں کوچنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی اور قومی ٹیم صرف ایک فتح حاصل کر سکی تھی۔ کارکردگی سے قطع نظر مصباح کی جانب سے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جیسے دو اہم عہدے رکھنے پر تنقید ہوتی رہی ہے۔

گزشتہ دنوں قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ مصباح کو ایک عہدہ چھوڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مصباح الحق سے بات ہو گئی ہے اور انہیں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر میں سے ایک عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر بہتر فیصلے کیے اور کوشش کی کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کا کام کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صحیح سمت میں گامزن ہیں۔ پاکستان کی ٹیم کو تین بہترین ٹیموں کی صف میں لے کر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مصباح نے کہا کہ زمبابوے اور نیوزی لینڈ سے سیریز کے سلسلے میں ٹیم تشکیل دینے کے حوالے سے کوچز میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی فرد کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کا عہدہ دینا اس وقت ایک درست فیصلہ تھا کیونکہ اس وقت  باقی سسٹم بھی درست انداز میں کام نہیں کر رہے تھے۔ اب صورتحال بدل چکی ہے۔

مصباح سے پوچھا گیا کہ کیا بطور چیف سلیکٹر وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں نے بین الاقوامی کرکٹ اور پاکستان کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے۔ ان میں کافی فیصلوں کے اچھے نتائج آئے اور کچھ فیصلے غلط بھی ہوتے ہیں۔ اگر مجموعی طور پر دیکھیں تو ہمارے پاس کافی نئے کھلاڑی آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش تھی کہ مکمل دیانت داری کے ساتھ فیصلے کروں اور مطمئن ہوں کہ پاکستان کرکٹ درست سمت میں جا رہی ہے اور مستقبل میں ایک اچھی ٹیم تیار ہو گی۔

مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر عہدہ چھوڑنے کے بعد سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو اس عہدے کا سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ شعیب اختر نے خود تصدیق کی تھی ان کی چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے پی سی بی حکام سے بات چیت جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی چیز طے نہیں ہوئی۔