قومی اسمبلی میں گو نیازی گو کے نعرے، وزیراعظم اجلاس چھوڑ کر چلے گئے
- ہفتہ 17 / اکتوبر / 2020
- 8890
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پہنچتے ہی اپوزیشن نے شدید احتجاج شروع کردیا۔ اور نعرے بازی کی جس پر وہ فوراً واپس چلے گئے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا تو کراچی میں مولانا عادل خان، لائن آف کنٹرول پر بھارتی شیلنگ اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ Skip وزیراعظم عمران خان بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے لیکن آغاز میں ہی اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج کیا۔ اسپیکر قومی نے سوالات کا سیشن شروع کرنے کی ہدایت کی لیکن اپوزیشن ارکان بدستور احتجاج کرتے رہے۔
اپوزیشن ارکان نے حکومت مخالف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ساتھ ہی چینی چوری کی سرکار نہیں چلے گی، جزائر پر قبضہ نامنظور، گو نیازی گو کے نعرے لگائے اور حکومت مخالف پوسٹر لہراتے رہے۔ اپوزیشن گو نیازی گو اور یہ بھاگا نیازی کے نعرے لگاتے رہے جس پر وزیراعظم عمران خان ایوان سے اٹھ کر چلے گئے۔ حکومتی اراکین کی جانب سے بھی نعرے بازی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس 20 منٹ کے لیے ملتوی کردیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس 20 منٹ بعد شروع ہوا تو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نوید قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس آج کیوں بلایا گیا جب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا پہلا جلسہ ہونا تھا۔ حکومت کے اس اقدام کو ہم کیا سمجھیں کہ حکومت کی کوشش تھی اپوزیشن اسمبلی میں نہ آئے۔
نوید قمر نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ نہیں چلتی۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے ایک مرتبہ پھر نعرے بازی شروع کردی۔ اس موقع پر مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا بل الیکشنز ترمیمی بل 2020 پیش کیا، جس کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن بے روزگار ہے اس لیے اہمیت دینے کی ضرورت نہیں۔ میں چاہتا ہوں یہ روز جلسہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کے سامنے ہر روز بے نقاب ہورہی ہے اور ان کے جلسوں اور تحریک سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں اراکین نے مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اس پر قابو پائیں۔ جس پر وزیراعظم نے یقین دہائی کروائی کہ مہنگائی پر جلد قابو پا لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج جو بھی مسائل ہیں اس کی ذمہ دار ماضی کے حکمران ہیں اور ابھی احتجاج کررہے ہیں، اپوزیشن کو عوام کا کوئی خیال نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل نے حکومتی اقدامات پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم کارکردگی نہیں دکھا رہی ہے۔ ان کا کہنا کہ گیس اور بجلی کی مہنگائی پر عوامی سطح پر سخت تشویش پائی جاتی ہے، عوام بجلی اور گیس کے بل نہیں دے پا رہے ہیں۔
دیگر کئی اراکین نے بھی ثنا اللہ مستی خیل کے خیالات سے اتفاق کیا تاہم وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو درپیش تمام مسائل کا ادراک ہے اور مہنگائی سمیت عوامی مسائل پر جلد قابو پا لیں گے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کے گجرانوالہ میں احتجاجی جلسے کے باوجود صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا جبکہ اپوزیشن نے اس فیصلے پر تنقید کی۔