اسکردو میں مسافر کوچ پر پہاڑی تودہ گرنے سے 16 افراد جاں بحق

  • اتوار 18 / اکتوبر / 2020
  • 6920

اسکردو میں ایک پہاڑی تودہ مسافر کوسٹر پر آگرا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ کے بعد ریسکیو 1122، علاقے کی انتظامیہ اور ایف ڈبلیو او کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

ابتدائی طور پر اسسٹنٹ کمشنر روندو معراج عالم کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح جاگلوٹ اسکردو روڈ پر تنگوس کے علاقے میں راولپنڈی سے آنے والی مسافر بس پر پہاڑی تودہ آگرا جس کے نتیجے میں تمام مسافر ملبے تلے دب گئے۔

بس گزشتہ شب راولپنڈی سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ بس میں 18 مسافر سوار تھے جن میں سے اب تک 11 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ بعد میں سب ڈویژنل پولیس افسر  روندو نے واقعے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ 16 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

ایس ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ تمام لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب ایک مقامی شخص اقبال علی اقبال کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں جبکہ ریسکو کے کاموں میں مقامی لوگ بھی حصہ لے رہے ہیں۔