کیپٹن صفدر کا ہر سال مزار قائداعظم پر جاکر نعرے لگانے کا اعلان
- منگل 20 / اکتوبر / 2020
- 9410
مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے مادر ملت کا الیکشن چوری کیا تھا انہوں نے ہی 2018 میں ہمارا الیکشن چوری کیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ جس کو آپ نے شہ رگ کشمیر کہا تھا وہ کٹ گئی ہے، غلط پالیسیوں سے وہ عملی طور پر کاٹ دی گئی ہے، انڈیا اس پر مکمل طور پر قبضہ کر چکا ہے۔ جن لوگوں نے مادر ملت کو غدار کہا تھا اگر ان کو پیغام دوں کہ مادر ملت زندہ باد تو اس میں غلط کام کیا ہے۔ میں ہر سال 18اکتوبر کو مادر ملت کے مزار پر جا کر مادر ملت زندہ باد کا نعرہ بلند کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مادر ملت سے زیادتی کرنے والا صدر ایوب خان تھا۔ اس نے مادر ملت کا الیکشن چوری کیا اور اس چوری کے نتیجے میں ہمیں آدھا ملک گنوانا پڑا۔
کیپٹن صفدر نے کہا کہ مجھ پر ریاست سے اوپر ریاست نے پرچہ کٹوایا اور رات کی تاریکی میں شب خون مارا۔ میں اس بات پر نہیں گھبرایا کہ میرا دروازہ توڑا، وہ دروازہ پولیس نہیں توڑ سکتی تھی۔ یہ وہی ٹھڈے تھے جو آئین کو پڑتے رہے ہیں۔ یہ وہ ٹھڈے تھے جو ہماری آزادی سلب کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس غنڈہ گردی کے ساتھ ایف آئی آر ہوئی اور ایف آئی درج کروانے والا خود قانون کو مطلوب ہے۔ خواہ تم ہمارے راستے روکو، ایف آئی آر کرو لیکن ووٹ کو عزت دو کی تحریک کو نہیں روک سکتے۔
اس سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان عدالتوں میں جہاں ارشد ملک جج تھا، ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں ہے۔ ردی کے کاغذ جمع کرا دیں، پرانے اخبار بھی جمع کرا دیں تو فیصلہ وہی آئے گا جو ارشد ملک کو لکھ کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب انصاف نہ رہے، قانون کی کوئی حیثیت نہ ہو تو وہ ملک نہیں چلتا۔ جہاں وفاق صوبے پر حملہ آور ہو، صوبے کے اعلیٰ ترین پولیس افسر کو اٹھا کر لے جائے وہاں پر آپ کونسے انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔ کل کیپٹن صفدر صاحب کو تو ضمانت مل گئی لیکن آئی جی پولیس کو ضمانت کون دے گا۔ اس کی بات کون سنے گا، کونسی عدالت سنے گی۔ وہ عدالت میں جانے کے قبل بھی ہے یا نہیں ہے۔