مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر و دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ

  • منگل 20 / اکتوبر / 2020
  • 6430

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر و دیگر افراد کے خلاف لاہور میں ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔ یہ مقدمہ گوجرانوالہ کے جلسےمیں شرکت کے لئے جاتے ہوئے شہری زندگی معطل کرنے کے مخلتلف الزامات میں درج کیا گیا ہے۔

لاہور کے تھانہ شاہدرہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہونے والے اس مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 290، 291، 269، 270 جبکہ پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 16 اور پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشنز) ایکٹ کی دفعہ 6 کے تحت الزامات عائد کئےگئے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق شاہدرہ چوک پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے گوجرانوالہ جلسے میں جانے والے  قافلوں اور ریلیوں کے استقبال کے لیے ٹرالر پر اسٹیج سجایا ہوا تھا۔ کارکنان حکومت اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق اس قافلے کے آگے 2 بڑی کرینیں اور ایک بڑا ٹرک موجود تھا جس کی وجہ سے یہ چوک چاروں طرف سے آنے والی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بلاک ہوگیا اور عوام کے لیے تکلیف دہ صورتحال پیدا ہوئی۔ منتظمین کو کرینیں اور ٹرک ہٹانے کا کہا لیکن انہوں نے ایسا نہ کیا۔ اسی چوک پر کیپٹن (ر) صفدر، ملک ریاض و دیگر قائدین نے کسی اجازت کے بغیر مائیک اور لاؤڈ اسپیکر کا غیرقانونی استعمال کیا اور اشتعال انگیز تقاریر کیں۔

مقدمے کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیز کی جانب خطرے کے انتباہ کے باوجود لیگی رہنماؤں نے اپنی پارٹی کے نائب صدر کو گاڑی کی چھت سے باہر آکر خطاب کرنے کو کہا جس پر مریم صفدر نے سیکیورٹی ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام سے خطاب کیا۔ اس سے ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا۔ جبکہ مریم صفدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’کیا تم عمران خان کی جعلی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تیار ہو‘۔ اس سے مسلم لیگ (ن) کے رکاکرنان اور عوام میں اشتعال پیدا ہوا اور انہوں نے حکومت پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

قائدین اور کارکنان میں سے کسی نے بھی ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال بھی نہیں رکھا۔ مختلف سڑکیں بھی بری طرح بلاک رہیں اور عوام کو گاڑیوں کی قطار در قطار کھڑا ہونا پڑا۔ مریم صفدر، کیپٹن (ر) صفدر، ملک ریاض، سمیع اللہ خان ودیگر قائدین اور ورکرز نے خلاف قانون اجتماع کی شکل میں حکومت اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کی اور عوام کی تکلیف کا باعث بنے۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرکے، سڑک بلاک کرکے، لاؤڈ اسپیکر، میگا فون کا بے کا استعمال کرکے جرم کا ارتکاب کیا۔