طالبان کے حملے میں 34 افغان اہلکار ہلاک
- بدھ 21 / اکتوبر / 2020
- 5440
افغانستان کے جنوب اور شمالی مشرقی صوبوں میں طالبان کے حملوں کے نتیجے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 34 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
طالبان نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی اور شمال مشرقی صوبوں میں افغان فورسز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 34 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ صوبائی حکام نے طالبان کے 30 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
حکام کے مطابق طالبان نے شمال مشرقی صوبے تخار میں رات گئے حملہ کیا۔ مقامی حکومت کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ طالبان کے اس حملے میں صوبائی پولیس کے سربراہ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ افغان صوبے ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں بھی افغان فوج اور طالبان کے درمیان تازہ جھڑپیں ہوئی ہیں۔
صوبائی حکومت کے ایک ترجمان عمر زواک نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ باغیوں نے جنگل کے علاقے سے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن افغان فوج کی فضائی کارروائی میں 25 حملہ آور مارے گئے ہیں۔
ترجمان کے اس دعوے کی تصدیق آزاد ذرائع سے نہیں ہو سکی اور طالبان نے بھی ہلمند میں ہونے والی اس لڑائی سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔