وزیراعلیٰ کی سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران سے ملاقات، ہر مشکل میں ساتھ دینے کا عزم
- بدھ 21 / اکتوبر / 2020
- 5860
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے سربراہ سمیت اہم افسران سے ملاقات کی ہے اور صوبے میں امن و امان کی بحالی میں سندھ پولیس کی قربانیوں کی تعریف کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے سینئر افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کی صوبے میں امن امان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، پولیس نے جان کا نذرانہ پیش کرکے صوبے خاص طور پر کراچی میں امن بحال کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے دہشت گردی کے واقعات میں اہم گرفتاریاں کیں۔ میں پولیس کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا متعرف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ہرمشکل گھڑی میں اپنی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی صورت میں پولیس کا حوصلہ پست نہیں ہونے دیں گے۔
بیان کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس جذبے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ خدمات جاری رکھے، پولیس کے باقی معاملات حکومت سندھ خود دیکھے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنا کام جاری رکھے۔ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
بیان کے مطابق اس موقع پر پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کا پولیس کی رہنمائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی جان و مال کا تحفظ کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب گزشتہ روز سندھ پولیس کے آئی جی سمیت اعلیٰ حکام نے 19 اکتوبر کو پیش آئے واقعے پر احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کی درخواست دی تھی۔ تاہم پھر حکومت سندھ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد آئی جی سندھ نے اپنی درخواست کو مؤخر کردیا تھا۔
پیر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کے تقدس کو پامال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اپنی اہلیہ مریم نواز کے ہمراہ کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں موجود تھے۔ بعد ازاں انہیں عدالت سے ضمانت مل گئی تھی تاہم معاملہ اس وقت ایک نئی صورتحال اختیار کر گیا تھا جب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی ایک آڈیو میں آئی جی سندھ کے اغوا کا انکشاف کیا گیا تھا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے صورت حال پر تحقیات کا حکم دیا تھا۔