کابل میں تعلیمی مرکز پر خود کش حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک
- ہفتہ 24 / اکتوبر / 2020
- 4530
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک تعلیمی مرکز کے باہر خود کش بم حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوئے ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق یہ خود کش حملہ ہفتہ کی شام کو ایک نجی تعلیمی مرکز کے باہر ہوا جہاں طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے مضامین پڑھائے جاتے ہیں۔ کابل کے علاقے دشت برچی میں واقع اس تعلیمی مرکز کی عمارت میں اکثریت شیعہ مسلمان طلبا کی ہے۔ دھماکے کے متعدد زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دہشت گرد حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔ طالبان نے بھی اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خود کش حملہ آور نے تعلیمی مرکز میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔
ترجمان کے مطابق وہاں پر موجود سکیورٹی گارڈز نے اس حملہ آور کو شناخت کر لیا جس کے بعد اس نے اپنے آپ کو باہر گلی میں ہی دھماکے سے اڑا دیا۔ خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے رواں برس ستمبر میں افغان طالبان اور حکومت کے درمیان امن مذاکرات کے تحت ایک معاہدہ ہوا تھا جس میں دونوں فریقین کی جانب سے دہائیوں سے جاری تشدد اور ایک دوسرے پر حملوں کو ختم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔